Home Press Release طالبان کی کامیابی نے فتح مکہ کی یاد تازہ کردی ہے۔

طالبان کی کامیابی نے فتح مکہ کی یاد تازہ کردی ہے۔

by WahdatVision - Aug 17 2021

وحدتِ اسلامی ہند کے معتمد عمومی جناب ضیاء الدین صدیقی صاحب نے اپنے پریس نوٹ کے ذریعے کہا ہےکہ ’’ طالبان کی کامیابی نے فتح مکہ کی یاد تازہ کردی ہے ، کیونکہ مکہ بغیر خون خرابے کے فتح ہوا تھا، نبی کریم ﷺ نے اپنے دشمنوں کو عام معافی کا اعلان فرمادیا تھا۔ بغیر غرور و تکبر کے ذکر الٰہی سے زبان تر اور سر جھکا ہوا تھا، اس حالت میں آپ ﷺمکہ میں داخل ہوئے۔ ٹھیک ڈیڑھ صدی بعد طالبان نے بغیر خون خرابے کے کابل کو فتح کردیا۔ داخلے سے قبل اپنے دشمنوں کو عام معافی کا اعلان کیا، سیدھے سادھے انداز میں بغیر تکبر و گھمنڈ کے کرسی صدارت پر جاکر سورۃ النصر کی تلاوت کی ، جدید اسلحہ سے عاری طالبان ، دولت سے خالی طالبان ، فوجی حکمتوں سے دور طالبان اپنے ایمان ، اپنے خدا پر توکل ، اپنی سوچ و فکر پر استقامت اور مسلسل جہاد و قربانیوں کے ذریعے اس مقام پر پہنچے ۔ وقت کی سوپر پاور شکست کھا کر فرار ہو گئی ہے، اس کی کٹھ پتلی حکومت اپنے لاؤ لشکر کے ساتھ ڈھ گئی اور افغانستان اپنے وقت کی سوپر پاور انگلستان پھر سویت یونین اور اب یونائٹیڈ اسٹیٹس آف امریکہ کے لئے قبرستان بن گیا۔ اسلاموفوبیا کے تحت طالبان سے ڈرایا جا رہا ہےکہ عورتوں پر ظلم کرتے ہیں ، برقعے میں بند کردیتے ہیں ، آزادی نہیں دیتے،انسانی حقوق پامال کرتے ہیں، لڑکیوں کے تعلیم کے خلاف ہیں ، شریعت میں سخت سزائیں ہیں۔ ایسے تمام لوگوں کو ذرا ٹھہر کر دیکھنا چاہئے کہ افغانستان میں کیا کچھ ہوتا ہے۔ ہمیں امید ہیکہ جو کچھ غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں وہ دور ہوں گی اور جو غلطیاں ہیں وہ درست کی جائے گی۔ یہ تمام اشارے طالبان کے نمائندوں نے واضح انداز میں دے دیئے ہیں ۔ عالمی برادری کو ٹھہر کر یہ سب دیکھنا چاہئے، ہمارے ملک کے لئے بھی یہی رائے ہمارے ذہین دانشوروں کی ہے کہ ہمیں طالبان سے رابطے بنانے چاہئے، خواہ مخواہ انہیں اپنا دشمن بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری خارجہ پالیسی میں اتنی تو گنجائش نکلنی ہی چاہئے کہ اختلافی نقطہ نظر کو بھی برداشت کیا جا سکے۔ ہم تمام اللہ تعالیٰ سے امید کرتے ہیں کہ اس خطے میں امن و امان باقی رہے اور ایکدوسرے کا احترام اور اس کی قدر کی جائے۔ پڑوسیوں سے اچھے تعلقات اور عدل و انصاف کے ذریعے ہی امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اسلام کے نام پر افغانستان میں جو تبدیلیاں آئی ہے ، ہر مسلمان کو اس کی قدر کرنی چاہئے اور اچھے مستقبل کی امید رکھنی چاہئے۔ پریس سیکریٹری ایم .فلاحیؔ

Share:
Share Tweet Share