Home Press Release ایک صاحب فکر خادم دین کی رحلت - ڈاکٹر محمد رفعت صاحب (دہلی) کا انتقال پر ملال

ایک صاحب فکر خادم دین کی رحلت - ڈاکٹر محمد رفعت صاحب (دہلی) کا انتقال پر ملال

by WahdatVision - Jan 09 2021

آج صبح 9 بجے عزیز گرامی محمد جمیل صدیقی (لکھنؤ) نے بذریعہ فون یہ افسوسناک خبر سنائی کہ مکرمی جناب ڈاکٹر محمد رفعت صاحب (دہلی) کا رات تقریباً ساڑھے دس بجے انتقال ہوگیا۔ (انا للہ وانا الیہ راجعون) ڈاکٹر محمد رفعت صاحب سے ربط و تعلق کا سلسلہ ایک لمبی مدت پر محیط ہے۔ زمانہ طالب علمی میں وہ طلبہ و نوجوانوں کی تحریک ایس آئی ایم کے صدر رہے۔ اپنے علمی ذوق، متانت اور سنجیدہ مزاجی کی بنا پر بہت جلد ہی صرف طلباء تحریک ہی نہیں بلکہ پورے تحریکی حلقے میں متعارف ہوتے چلے گئے۔ تعلیمی لحاظ سے ملک کے مشہور ادارے "آئی آئی ٹی کانپور" سے پی ایچ ڈی کیا اور وہاں کے ذہین ترین فارغین میں شمار کئے جاتے رہے۔ بعدازاں جامعہ ملیہ میں استاد ہو گئے اور وہیں سے پروفیسر ہو کر ریٹائر ہوئے۔ تحریک کی اساسی فکر کے ایک مضبوط امین رہے، جماعت اسلامی دہلی و ہریانہ کے امیر حلقہ رہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نمائندگان اور مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن رہے اور ایک عرصے تک ماہنامہ "زندگی نو" کے مدیر اعزازی بھی رہے۔ اس دوران کئی موضوعات پر ان کے فکر انگیز مضامین شائع ہوئے، طلباء تحریک کے پس منظر اور جامعہ ملیہ کے ایک معروف و مقبول استاذ اور جماعت اسلامی ہند کی مختلف ذمہ داریوں کے حوالے پورے ملک میں ان کے چاہنے والوں کی ایک معتدبہ تعداد ہے، جس کا اندازہ کئی بار ملکی سطح کے دورے کے موقع پر ہوتا رہا۔ ملک میں تحریکی و ملی شخصیات میں وہ چند ایسے افراد میں سے تھے جنہیں حالات کے نشیب و فراز کا گہرا ادراک تھا اور ان معاملات میں وہ پورے شعور، توازن اور تواضع کے ساتھ اپنی رائے رکھتے تھے۔ آج جب کہ وہ ہمارے درمیان نہیں رہ گئے تو لگتا ہے کہ شاید ان کی صلاحیتوں کے اعتبار سے ہم انہیں خاطر خواہ کام کرنے کے مواقع فراہم نہ کر سکے۔ وہ بے حد مخلص اور سادہ مزاج انسان تھے، طرز زندگی بھی سادہ و قلندرانہ تھی۔ اللہ رب العزت ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور اپنے یہاں ان کو رفعت و قبولیت سے نوازے۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ، بیٹے، بیٹیاں سب کو صبر جمیل کی توفیق اور سکون عطا فرمائے۔ شریک غم عطاء الرحمن وجدیؔ

Share:
Share Tweet Share